کراچی( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 1.5 فیصد اضافہ سے 8.75فیصد کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تیزی سے زری پالیسی میں اضافہ سے معیشت کو نقصان پہنچے گا۔ برآمدی صنعت بلند ترین پیداواری لاگت کے باعث مشکلات سے دوچار تھی ایسے میں شرح سود میں یکدم 1.5 فیصد اضافہ پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہوگا، صنعتکاروں کو بینکوں سے مہنگے قرضے ملیں گے جس سے انڈسٹری کو مزید دشواری کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ توقع کی جارہی تھی کہ مانیٹری پالیسی میں 50 سے 100 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ہوگا، لیکن اسٹیٹ بینک کی جانب سے غیر متوقع فیصلہ سے صنعتکاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ صدر سلمان اسلم نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے اس کیلئے سستے قرضے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، تاہم تجارتی خسارے اور مہنگائی میں اضافہ کے باعث مانیٹری پالیسی سخت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔ حکومت برآمدی شعبہ کے لئے سستے قرضے یقینی بنائے تاکہ برآمدات بڑھا کر زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور ڈالر کی قدر کو مستحکم کیا جاسکے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ شرح سود میں کمی کرکے 8 فیصد کیا جائے تاکہ قرضے سستے ہوں اور چھوٹے اور درمیانی صنعت اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے پیداوار جاری رکھیں۔
سلمان اسلم