گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف صاحبزادہ پیرسید محمد علی حسنین شاہ بخاری نے کہا ہے کہ دنیا میں اسلام سلاطین نے نہیں صالحین نے پھیلایا ہے،بزرگان دین کا راستہ ہی صراط مستقیم ہے،انہوں نے ہمیشہ اللہ اور رسول کی اطاعت کا درس دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشائخ عظام آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف کے 22،23 نومبر کو ہونیوالے عرس مبارک کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت پیرسید نورالحسن شاہ بخاری،پیرسید محمد باقر علی شاہ بخاری اور پیرسید عظمت علی شاہ بخاری ولایت و ہدایت کے روشن مینار،شریعت اسلامیہ کے عظیم پاسدار اور قرون اولی کے پارساوں کے زہد و تقوی کی چلتی پھرتی تصویر تھے اولیاء کرام سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ قرآن و سنت پر عمل کیا جائے۔