حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) متحدہ محاذ اساتذہ کے ضلعی چیئرمین ریاض احمد تارڑ نے کہا ہے کہ اساتذہ کی غیرتدریسی ڈیوٹیوںکی وجہ سے سرکاری سکولوں کے طلبہ کا مستقبل تباہ ہورہاہے۔پچھلے سال کرونا کی وجہ سے سرکاری سکولز بچوں سے خالی رہے اور اب سرکاری اساتذہ کی کرونا ویکسی نیشن کا ڈیٹا فیڈ کرنے اور ووٹوںکے انداراج پر ڈیوٹیاں لگائے جانے سے ایک بار پھر سرکاری سکولز اساتذہ سے محروم ہورہے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے بچے اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ سکولوںکا رخ کررہے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوںنے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو سرکاری سکولوں کے طلبہ کی تعلیم پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے اور وہ بہتر نتائج نہیں دکھا سکیں گے۔ اس لئے سرکاری اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیوںکو فوری ختم کرکے انہیں سکولوں میں تعلیم وتعلم سے وابستہ رہنے دیا جائے۔
اساتذہ کی غیرتدریسی ڈیوٹیوںسے طلبہ کا مستقبل تباہ ہورہاہے: ریاض تارڑ
Nov 21, 2021