کراچی (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان سے شیرشاہ کالونی کے نئے تعینات ہونیوالے SHO بھائی خان اور DSP محمد نعیم کی ملاقات کیلئے جامعہ عثمانیہ شیرشاہ آمد، امن و امان سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شیرشاہ کالونی سمیت شہر بھر کے امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔ لوٹ مار اور چھینا جھپٹی کے واقعات معمول بن گئے ہیں۔ اب تک کی پولیس کاروائی تسلی بخش ہے۔ امید ہیکہ آگے بھی شیرشاہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چستی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیرشاہ کالونی میں بینکوں سے رقوم لیکر نکلنے والے افراد کو ٹارگٹڈ طریقے سے لوٹنا تشویشناک ہے۔ شیرشاہ میں باہر سے غیرقانونی طور پر آکر رہنے والے افراد کی سرگرمیاں بھی قابل تشویش ہیں۔ ایس ایس پی کیماڑی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ایس ایچ او بھائی خان نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کی شیرشاہ کالونی میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے۔ منظم انداز میں حکمت عملی مرتب کرکے غیر قانونی سرگرمیوں کا راستہ روکیں گے۔ ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف اور امن و امان فراہم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ جیسے احباب کا تعاون شامل حال رہا تو جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شیرشاہ کالونی کے امن اور عوام کی بھلائی کیلئے اٹھنے والے ہر قدم پر آپکے شانہ بشانہ ہونگے۔ جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ عام آدمی کی آواز بن کر میدان عمل میں ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
شیرشاہ کالونی