سول اسپتال سے شعبہ حادثات اور کارڈیو وارڈ کی منتقلی نا منظور ،خالد تبسم

Nov 21, 2022


میرپورخاص( بیورو رپورٹ)ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اوراراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میںتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سول اسپتال میرپورخاص سے شعبہ حادثات اور کارڈیو وارڈ کی ڈسٹرکٹ اسپتال منتقلی شہری عوام کے خلاف سازش ہے۔ منظم منصوبے کے تحت سول اسپتال میرپورخاص کو کمرشل پلازہ بنانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔سول اسپتال میرپورخاص کے تمام شعبہ جات کو سازش کے تحت شہر سے 6کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کرکے نوّے فیصد عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔سیاسی شخصیات کے ایماءپر عوام سے علاج کی بنیادی سہولت چھینی گئی تو فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔نو تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ اسپتال کے لئے علیٰحدہ بجٹ مختص ہونے کے باوجود تاحال نئے ڈاکٹرز اور اسٹاف بھرتی نہیں کئے گئے اور نہ ہی ایکوئپمینٹس خریدے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرپورخاص کے شہری عوام کو تیسرے درجے کا شہری بنانے کی سازش پر عمل کیا جارہا ہے جسے میرپورخاص کے عوام مسترد کرتے ہیں، اگر قبلہ درست نہیں کیا گیا تو ایم کیو ایم پاکستان بہت جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔احتجاجی مظاہروں اور دھرنے سمیت تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کرنا عوام کا بنیادی حق ہے۔

مزیدخبریں