دنیا افغانستان کی معاشی بحالی کیلئے 4.2 ارب ڈالر فراہم کرے ، پاکستان 

نیویارک (این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کی معیشت کی بحالی میں مدد اور انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوری طور پر 4 ارب 20 کروڑ ڈالر فراہم کرے۔ بیرون ملک رکھے گئے افغانستان کے اثاثوں کو واپس افغانستان کے مالیاتی نظام میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے افغانستان کے لیے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل پر اقدامات کرے۔ افغان اثاثوں کو غیر منجمد کرنے کی اپیل براہ راست امریکہ کو کی گئی ہے جس نے 2021 میں طالبان کے افغانستان کا اقتدار دوبارہ سنبھالنے کے بعد 7 ارب ڈالر مالیت کے افغان اثاثوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ پاکستان نے ڈومینیکن ریپبلک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر نے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلہ میں اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم اور ڈومینیکن ریپبلک کے مستقل نمائندے جوز بلینکو نے مستقل مشن میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے تاریخی کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مستقل نمائندوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سفارتی تعلقات کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون سمیت مختلف شعبوں اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

ای پیپر دی نیشن