لاہور (نامہ نگار) نواںکوٹ کے علاقے میں کٹی پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے۔ قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کنور شاہ رخ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ یتیم خانہ چوک میں ہنجروال کا رہائشی 18 سالہ شہزاد شبیر موٹر سائیکل پر ناشتہ لینے کے لیے جا رہا تھا کہ اچانک کٹی پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی۔ خون میں لت پت نوجوان کا فی دیر سڑک پرگرا تڑپتا رہا اور امدادی ٹیموں کے موقع پر پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ گیا تھا۔ نعش گھر پہنچنے پر صف ماتم بچھ گئی اور علاقے میں سوگواری کی فضاء چھا گئی جبکہ ہر آنکھ اشکبار تھی۔ شہر میں گزشتہ روز پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس پتنگ بازوں کو روکنے میں ناکام رہی۔ شاہدرہ ٹائون ، راوی روڈ، نولکھا، شفیق آباد، ٹبی سٹی، مصری شاہ، اسلام پورہ، نیو انارکلی، گجرپورہ، شالیمار، سول لائن، قلعہ گجر سنگھ، گڑھی شاہو، لٹن روڈ، مزنگ، سمن آباد، ملت پارک، گلشن راوی، شیراکوٹ ، وحدت کالونی، اقبال ٹائون، گلبرگ، لیاقت آباد، فیصل ٹائون، غالب مارکیٹ، کاہنہ، نصیر آباد، کوٹ لکھپت، نشتر کالونی، فیکٹری ایریا، غازی آباد، ہنجروال، ٹائون شپ، گرین ٹائون، سٹی رائیونڈ، دھرم پورہ، ہربنس پورہ، صدر بازار سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ خانہ پری کرنے کے لئے اعلیٰ افسران کے احکامات پر 36پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ متعدد پتنگ بازوں سے مبینہ طور پر ساز باز کر کے ان کو چھوڑ دیا۔