آئی سی اے پی پی نے سینیٹر مشاہد حسین کو معاون چیئرمین منتخب کر لیا 

Nov 21, 2022

اسلام آباد(خبرنگار)انٹر نیشنل کانفرنس آف ایشین پولیٹیکل پارٹیز (آئی سی اے پی پی)نے سینیٹر مشاہد حسین سید کو معاون چیئرمین منتخب کیا ہے۔ 33ممالک کی 70سیاسی جماعتوں نے آئی سی اے پی پی کے انتخاب میں حصہ لیا۔ سینٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئی سی اے پی پی ایشیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعتوں کی تنظیم ہے جس نے ترکیہ کے تاریخی شہر استنبول میں منعقدہ کانفرنس کے دوران سینیٹر مشاہد حسین کو آئی سی اے پی پی کا متفقہ معاون چیئرمین منتخب کیا ۔ ایران اور تھائی لینڈ نے مشاہد حسین کا نام تجویز کیاچین ، کمبوڈیا ، روس ، لبنان ، ترکیہ اور انڈونیشیا نے ووٹنگ سے قبل ہی اس تجویز کی بھرپور حمایت کی ۔ جنوبی کوریا کے سابق وزیر خارجہ چنگ اییونگ کو آئی سی اے پی پی کے دوبارہ چیئرمین منتخب ہوگئے ۔ آئی سی اے پی پی کانفرنس ہر دو سال کے دوران ایک دفعہ منعقد ہوتی ہے ، حالیہ کانفرنس کے موقع پراستنبول اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ، جس میں پاکستان کے بڑے حصے میں حالیہ سیلاب کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کلائمیٹ فنانس اور ماحولیاتی انصاف کیلئے لوگوں کی مشکلات کے خاتمہ پر بھی زور دیا گیاسینیٹر مشاہد حسین سید نے کانفرنس کے شرکا کی جانب سے خود پر کئے گئے اعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس انتخاب کرتے ہوئے اپنے اور پاکستان کیلئے بہت بڑا اعزاز قرار دیا۔

مزیدخبریں