اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہمارے بچے ہیں۔ آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا بچوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا ہماری اولین ترجیح ہمارے بچوں کا مستقبل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم پولیو سے پاک ملک بننے کے قریب ہیں، یقینی بنانا ہوگا کہ ہر بچے کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی حاصل ہو۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تباہی کے نتیجے میں تقریبا19 ہزار سکولوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہم مستقبل میں موسمیاتی آفات کا شکار پوری دنیا کے مقدمے کو لڑ رہے ہیں۔