ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں ، سعودی عرب سی پیک طرز کا تعاون چاہتے ہیں : احسن اقبال 

Nov 21, 2022

جدہ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ +خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ بھی سی پیک طرز کا اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، چھ ماہ کے دوران ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت داؤ پر لگی تھی، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل کرکے معیشت کو بہتر بنایا۔ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو متحد کرنے کا ہے۔ حکومت ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیرون ملک پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے لیے انشورنس سکیم متعارف کرائی جائے گی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کشکول توڑ چکے تھے، پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو برباد کیا جس سے معاشی بحران نے جنم لیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے ترقیاتی بجٹ نصف کر دیا۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا امن و امان کے مسئلے پر حکومت بھر پور توجہ دے رہی ہے مگر بد قسمتی سے پنجاب  اور خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، وہ مرکز کے خلاف ہر قدم اٹھاتی ہے اور ملک کے سکیورٹی اداروں کیخلاف مہم چلاتی ہے۔ وفاقی  وزیر داخلہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جاتے ہیں۔ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے وزیر اعظم کی عالمی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لئے مہم چلاتے ہیں۔

مزیدخبریں