بوچھال کلاں( نامہ نگار)چکوال کو ماڈل ضلع بنانے کیلئے بھرپور تحریک شروع کی جائے گی او راس کیلئے متفقہ طو رپر ایکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں آنے والے دنوںمیں زیادہ سے زیادہ لوگوںکو شامل کیا جائے گا۔ ماڈل ضلع چکوال بنائو تحریک کے چیئرمین متفقہ طور پر فرخ سہیل گوئندی کو منتخب کیاگیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرخ سہیل گوئندی نے بتایا کہ2010میں انہوں نے چکوال کے بارے میں ایک تفصیلی اور جامعہ رپورٹ تیار کر کے اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پیش کی تھی اور چکوال کو ماڈل ضلع بنانے میں کافی دلچسپی بھی رکھتے تھے، انہوں نے بتایا کہ میںنے اپنی تحقیقی رپورٹ میں واضع طور پر لکھا ہے کہ یہ تجربہ کامیاب رہے گا کیونکہ ایک ماڈل ضلع کیلئے جن بنیادی چیزوں کی ضرورت ہے وہ ضلع چکوال میںموجود ہے۔ فرخ سہیل گوئندی نے بتایا کہ زیتون میں چکوال سب سے آگے ہے، ملک کی85فیصد مونگ پھلی چکوال میں پیدا ہورہی ہے، سیمنٹ فیکٹریاں سب سے زیادہ زرمبادلہ کما کے دے رہی ہیں اور سب سے بڑی بات یہ سیاحت اور آثار قدیمہ کے علاوہ قدیم تاریخ کے حامل اس خطے میں اگر ان تین چیزوںکو ہی تھوڑا فروغ دیا جائے تو اربوں روپے کا زرمبادلہ صرف چکوال ضلع سے کمایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سینئر صحافیوں خواجہ بابر سلیم محمود، ذوالفقار میر، خواجہ دانیال سلیم، درویش عبدالخالق اور راجہ افتخار احمد نے فرخ سہیل گوئندی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔