گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) سردیوں کا آغاز ہوتے ہی لنڈے بازاروں کی رونقیں بحال ہو گئیں، گاہکوں کا رش دیکھ کر لنڈے کا کاروبار کرنیوالوں نے پرانے گرم ملبوسات اور جوتوں کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے بڑھتی مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہریوں سمیت مڈل کلاس طبقہ کو بھی خریداری کے دوران دن میں تارے نظر آرہے ہیں ، مہنگائی کے اس دوران میں بیشتر لنڈے کا کاروبار کرنیوالے دکانداروں نے بجلی کے بل اور دکانوں کے کرائے نہ دئیے جانے کی وجہ سے پسرور روڈ، گوندلانوالہ چوک ‘ماڈل ٹائون ‘شاہین آباد ‘شیرنوالہ پھاٹک ‘سیالکوٹی دروازہ ‘دال بازار ‘کسیرا بازار ‘خراداں والا بازار ‘کالج ‘نعمانیہ روڈ ‘گرجاکھ ‘باغبانپورہ چوک ‘گھنٹہ گھر چوک اور مین جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ ریڑھیاں لگا کر ان پر جیکٹ ‘جرسیاں ‘جرابیں اورجوتے وغیرہ فروخت کرنا شروع کر دئیے ہیں ، ان ریڑھی بانوں کا کہنا ہے وہ اپنے گھروں کے اخراجات پورے نہیں کر پا رہے تھے اسی وجہ سے انہوں نے فٹ پاتھوں پر ریڑھیاں سجانے کو ترجیح دی ہے تاکہ وہ بلوں اور کرایوں سے بچ سکیں ، دوسری جانب لنڈے بازار اور ریڑھی بانوں کے آسمانوں سے باتیں کرتے ریٹو ں سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مہنگے داموں گرم ملبوسات خریدنے کی سقت نہیں رکھتے تھے اسی وجہ سے انہوں نے ادھر کا رخ کیا ان کا کہنا تھا کہ وہ مہنگائی کی وجہ سے پہلے ہی بے حد پریشان ہیں اور رہی سہی کسر لنڈے کا کاروبار کرنیوالوں نے نکال کر رکھ دی ہے ۔
گوجرانوالہ:موسم سرما کی آمد ،شہر کے مختلف مقامات پر لنڈے بازار کی رونقیں بحال
Nov 21, 2022