افغانوں کی واپسی جاری، سپریم کورٹ کا کیس کھلی عدالت میں لگانے کا حکم

Nov 21, 2023

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے افغان شہریوں کی وطن واپسی کیخلاف کیس کھلی عدالت میں لگانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ میں افغان مہاجرین کے غیر قانونی قیام کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان چیمبر سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے چیمبر اپیل میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کر دیئے۔ عدالت عظمیٰ میں فرحت اللہ بابر سمیت دیگر نے غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی روکنے کیلئے درخواست دائر کی تھی۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز مزید 2 ہزار سے زائد افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد بھی غیر قانونی افغان باشندوں کا پاکستان سے محفوظ اور باعزت انخلا یقینی بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز واپس جانے والوں میں 591 مرد،443 خواتین اور ایک ہزار28 بچے شامل تھے۔ حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ37 ہزار883 غیر قانونی افغان باشندوں کی پاکستان سے اپنے وطن واپسی ہو چکی ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں