لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 6ویں مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے پر آسٹریلوی ہائی کمشنر اور عوام کو مبارکباد دی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور مارک ٹیلر کے دستخط والی کرکٹ بال پیش کی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی مستعد اور متحرک وزیر اعلیٰ ہیں، میڈیا پر دن رات کام کرتے نظر آتے ہیں۔ محسن نقوی کو پارکس کا وزٹ کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی بہت محنت کررہے ہیں۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے لاہور چڑیا گھر کے لئے کنگروز دینے کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے کہا سموگ سے نمٹنے کے لئے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں، شہریوں کے لئے ماسک لازم قرار دیا گیا ہے۔ دوست ملکوں کے تعاون سے سموگ سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کررہے ہیں۔ بہتر ماحول اور تفریح کے لئے پارکس کو عالمی معیار کے مطابق بنا رہے ہیں۔ زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی میں آسٹریلیا کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں کسی بھی سرکاری محکمے کے ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے افسر یا ملازم کے لواحقین کو پولیس شہداءپیکیج کے برابر امدادی پیکیج دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے سرکاری محکمو ں کے شہید ہونے والے ملازمین کے لواحقین کے لئے پولیس شہداء پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دینے کی اصولی منظوری دے دی۔ زخمی سرکاری ملازم کو بھی پولیس پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی حتمی سفارشات تیار کرے گی اور کیسز کا جائزہ لے گی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ایکسائز انسپکٹر محمد رفیع کے لواحقین اور زخمی انسپکٹر ثناءاللہ بھٹی کے لئے مالی امداد کا کیس پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مالی امداد کے کیس پر فوری نظر ثانی کا حکم دیا اور امدادی پیکیج کو پولیس شہداء پیکیج کے برابر کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے زیر تعمیر بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور میگا پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے اور مقررہ مدت میں کام کو مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلی نے کیولری انڈرپاس کا دورہ کیا، فنشنگ ورک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا انڈرپاس کو بہت جلد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے آج گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ملتان شہر کے وزٹ کے دوران وزیر اعلی نے چوک گھنٹہ گھر کے قریب ایک بزرگ شہری کو دیکھ کر اپنی گاڑی رکوائی اور گاڑی سے اتر کر بزرگ شہری سے ملاقات کی۔ بزرگ عباس علی نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو جناح کیپ پیش کرتے ہوئے خود پہنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ عباس علی نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو جناح کیپ پہنائی۔ عباس علی نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کو بھی جناح کیپ پہنائی۔ محسن نقوی نے خانپور کے سکول میں آتشزدگی سے کم سن بچے کے ہاتھ کے جھلسنے کا واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محسن رضا نقوی نے سرگودھا آمد پر زیادتی کی شکار بچی کی عیادت کی اور اس کے بہترین علاج معالجہ سمیت ضروری احکامات جاری کئے۔ محسن رضا نقوی نے آئی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ساتھ سرگودھا ڈی ایچ کیو (ڈاکٹر فیصل مسعود) ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج ٹوانہ پارک کی زیادتی کی شکار معصوم بچی کی عیادت کی اور متاثرہ بچی کی والدہ اور چچا سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی دل جوئی کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کا یقین دلایا۔ وزیراعلیٰ نے معصوم بچی کی عیادت کرتے ہوئے خیریت دریافت کی اور شفقت کا اظہار کیا اور ایم ایس کو بچی کے بہترین علاج معالجہ کے لئے ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ انسانیت سوز واقعہ کا ذمہ دار ملزم انسان نہیں درندہ ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ مظلوم خاندان کی دل جوئی اور داد رسی کے لئے آیا ہوں۔ حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی۔
دوران ڈیوٹی شہید سرکاری ملازمین کو پولیس شہدا پیکج کے برابر امداد ملے گی
Nov 21, 2023