تحفظات کے باوجود عام انتخابات میں حصہ لیں گے: فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یوآئی کی مرکزی جنرل کونسل کا دو روزہ اجلاس مفتی محمود مرکز پشاور میں مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی، مولانا قمر الدین، مولانا فضل علی حقانی، مولانا امجد خان لاہوری‘ محمد اسلم غوری‘ مفتی روزی خاں، بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع جنرل سیکرٹری، مولانا محمود شاہ سندھ سے، مولانا عبد القیوم ہالیجوی، مولانا راشد محمود سومرو پنجاب سے، حافظ نصیر احرار، مفتی مظہر اسعدی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاءالرحمن‘ مولانا عطاءالحق درویش گلگت بلتستان سے، مولانا عطاءاللہ شہاب آزاد کشمیر کے مولانا سعید یوسف، سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ سابق سینیٹرز حافظ حسین احمد انجینئر ضیاءالرحمن‘ حافظ حمد اللہ سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ملک بھر سے ارکان مجلس عمومی/جنرل کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے صوبائی تنظیموں کو ہدایت جاری کی گئیں کہ 27 نومبر تک قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے حوالے سے حتمی تجاویز ارسال کریں، اجلاس میں ضلعی تنظیموں کو صوبائی جماعتوں کی مشاورت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اختیار دے دیا گیا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمن نے دورہ قطر اور حما س لیڈروں سے ہونے والی ملاقاتوں سے جنرل کونسل کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں فلسطین کے مظلوم عوام پر اسرائیل کے مظالم اور آئے روز ہسپتالوں، سکولوں اور شہری علاقوں مسلسل بمباری پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ24 نومبر کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا اور پاکستان بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام تحفظات کے باوجود 8 فروری کے انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری چار سالہ جدوجہد کی وجہ سے بین الاقوامی ایجنڈا زمین بوس ہوا، گزشتہ بیس سال سے ملک دشمن قوتوں نے ملک کی سلامتی کے خلاف منظم سازش کرتے ہوئے ایک جماعت پر انویسٹمنٹ کی۔

ای پیپر دی نیشن