غزہ میں مسلسل جنگی جرائم کے باوجود اسرائیل کو کسی مواخذے کا سامنا نہیں: شہباز شریف

Nov 21, 2023

لاہور+اسلام آباد ( این این آئی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے)سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے غزہ میں جاری جنگی جرائم پر اسرائیل کا مواخذہ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس ) پر عالمی یوم اطفال کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل انسانیت کے خلاف بدترین جنگی جرائم میں مسلسل مصروف ہے، اسرائیل کو ان اعمال پر کسی مواخذے کا سامنا نہیں ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی جنگی جرائم کا ثبوت 4000سے زائد فلسطینی بچوں کی شہادت ہے، ماضی کے تمام تنازعات میں بچوں کی کل اموات سے یہ تعداد زیادہ ہے، بچوں کے عالمی دن پر عالمی برادری کو اپنے آپ سے کچھ سخت سوالات کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ اسرائیلی جرائم کو حق دفاع قرار دینے والوں کی مجرمانہ خاموشی پر دل گرفتہ ہوں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو جمعیت علمائے اسلام (ف)کا امیر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مولاا فضل الرحمان کا انتخاب جمعیت کا انکی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کو جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداروں کو بھی منتخب ہونے پر مبارک دیتا ہوں۔

مزیدخبریں