اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا نے نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان میری مرضی کے بغیر میرے گھر آتا تھا، پنکی کی اس سے ملاقاتوں پر میں ناراض تھا‘ ایک بار عمران میرے گھر آیا تو میں نے نوکر کی مدد سے اسے گھر سے نکلوا دیا۔ عمران خان کے اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران بشریٰ کی بہن مریم وٹو نے بشریٰ کی ملاقات عمران خان سے کرائی۔ ہماری شادی 28 سال چلی‘ ہماری بہت خوشگوار زندگی تھی لیکن عمران نے پیری مریدی کی آڑ میں ہمارا ہنستا بستا گھر برباد کر دیا۔ اسلام آباد میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں شروع ہو گئیں۔ میری والدہ کہتی تھیں کہ عمران خان اچھا آدمی نہیں، اسے گھر میں نہ آنے دیا کرو۔ رات کے وقت دونوں کی فون پر لمبی لمبی باتیں ہونے لگیں۔ فرح گوگی نے عمران کے کہنے پر انہیں خفیہ فون نمبر فراہم کیے۔ ان کی موبائل فون پر چھپ کر باتیں ہونے لگیں۔ بنی گالہ میں میرا اپنا گھر تھا، بشریٰ مجھے بتائے بغیر وہاں سے عمران خان کے گھر چلی جاتی تھی۔ عمران سے شادی سے 6 ماہ پہلے بشریٰ بی بی مجھ سے علیحدہ ہو کر اپنے گھر چلی گئی۔ میں پاک پتن اس کے میکے گیا اور اپنے ساتھ چلنے کا کہا، بشریٰ بی بی نے جواب دیا، میاں صاحب ابھی نہیں۔ پھر ایک دن فرح گوگی نے مجھے موبائل پر پیغام بھیجا کہ پنکی کو طلاق دے دیں۔ میں بشریٰ کے پاس گیا اور اس سے پوچھا کہ کیا تم طلاق چاہتی ہو؟۔ اس نے سر جھکا لیا اور کوئی جواب نہیں دیا۔ میں نے 14 نومبر 2017 کو طلاق نامہ فرح گوگی کے ہاتھ بشریٰ بی بی کو بھجوایا۔ ڈیڑھ ماہ بعد ہی اس نے چیئرمین پی ٹی آئی سے شادی کر لی۔ پنکی کا بیان غلط ہے۔ اب بھی چھوٹی بیٹی رات کو روتی ہے۔ میرے بیٹے رل گئے۔ بابا فرید کے دربار کے معاملات کیلئے سی ایم بزدار کو فون کیا‘ انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔ ہمارے اور بچوں کے اثاثے اسٹیبلشمنٹ چیک کر چکی ہے۔ میں نے پنکی کو طلاق 14 نومبر 2017 کو دی، اس کے ڈیڑھ ماہ بعد ہی اس نے عمران خان سے شادی کر لی۔ اس شادی کا مجھے اور میرے بچوں کو علم ہی نہیں تھا۔ کبھی پیر مرید بھی آپس میں شادی کرتے ہیں؟۔ یہ کس قسم کا پیر خانہ تھا۔ مجھے اور بچوں کو نکاح یا شادی کا علم ٹی وی پر خبروں سے ہوا۔ پنکی 5 بچے اور گھر چھوڑ کر چلی گئی۔ چھوٹی بیٹی کی چار سال سے اپنی ماں سے بات نہیں ہوئی۔ پنجاب کے سارے تبادلے فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کراتے تھے۔ میری اجازت کے بغیر آ کر چیئرمین پی ٹی آئی گھنٹوں ہمارے گھر بیٹھے رہتے تھے۔ میں کہتا تھا جب میں موجود ہوں تو چیئرمین پی ٹی آئی گھر آئیں۔ خاور مانیکا نے تصدیق کی کہ بشریٰ بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح عدت کے دوران ہی ہو گیا تھا۔
عمران بغیر اجازت آتے، پیری مریدی کی آڑ میں گھر برباد، عدت کے دوران نکاح کیا: خاور مانیکا
Nov 21, 2023