ہم شرمندہ، غزہ میں بچوں کا ہولوکاسٹ روکا جائے: وزیراعظم

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں، ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ فوری طور پر روکا جائے۔ ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی، اس صورتحال کا آنے والی صدیوں میں کبھی دفاع نہیں کیا جاسکے گا، غزہ میں ہونے والی نسل کشی کے خلاف پاکستان آواز اٹھاتا رہے گا۔ وزیر اعظم نے اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کو ”چلڈرن ہولوکاسٹ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ فوج کا مقابلہ فوج سے ہی ہوتا ہے، وہ کبھی بھی نہتے شہریوں، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ نہیں بناتیں، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال، انسانی حقوق، حقوق نسواں سمیت تمام حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، غزہ میں یہ قتل عام بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر زارا الرٹ موبائل ایپ کے اجراءکے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ہمارے بچوں کی ہر طرح سے حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے، اس دن کی مناسبت سے زارا موبائل ایپ کا اجراءکیا گیا ہے جس کے ذریعے گمشدہ بچوں کی فوری بازیابی کو ممکن بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر غزہ کے بچے میرے ذہن میں آئے جہاں اسرائیلی افواج کی جانب سے بارود کے زور پر انہیں بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ جسمانی اعضاءسے محروم کئے جا رہے ہیں، ان کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں کو چلڈرن ہولو کاسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ فوج کا مقابلہ پیشہ ورانہ فوج سے ہی ہوتا ہے، وہ کبھی بھی نہتے شہریوں، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ نہیں بناتیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال، انسانی حقوق، خواتین کے حقوق سمیت تمام حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے ، بے حسی کے ساتھ یہ قتل عام آج ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے اس صورتحال میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ذمہ درانہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے، غزہ میں بچوں، خواتین کا یہ قتل عام بند ہونا چاہئے، ہم او آئی سی سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے امریکہ سمیت دیگر عالمی طاقتوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور فوری طور پر جنگ بندی یقینی بنائیں اور انسانی راہداری کا قیام عمل میں لایا جائے۔ اسے ہم نسل کشی کہہ سکتے ہیں، ہمیں اپنی آوازیں بلند اور اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ اس بربریت کا خاتمہ ہو سکے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارے معاشرے کے ہر طبقہ کا یہ فرض ہے کہ وہ اس مقدس مشن کیلئے اپنا کردار ادا کرے، اپنی قوم کے ہر بچے کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، انہوں نے وزارت انسانی حقوق اور زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری ایجنسی (زارا) کو موبائل ایپ کے اجراء پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اطمینان ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اہم اقدام ہو گا۔ ہم اپنے بچوں کے حقوق کا تحفظ کرت ہوئے انہیں اس قابل بنائیں گے کہ وہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔علاوہ ازیں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک میں کاربن کریڈٹس کی تشکیل اور تجارت کیلئے جامع پالیسی فریم ورک وضع کرنے کیلئے موسمیاتی تبدیلی کونسل کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی ہے اور کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے قلیل ، وسط اور طویل مدتی فریم ورک تیار کئے جائیں ، کاپ۔28 میں پاکستان کا موقف بھرپور طریقہ سے پیش کیا جائے گا۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان موسمیاتی تبدیلی کونسل کا دوسرا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن اس سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں پاکستان سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی، پاکستان اور دیگر موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ترقی پذیر ممالک ان خطرات کا شکار صرف ترقی یافتہ ممالک کی وجہ سے ہیں، عالمی سطح پر ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات سے بچاو¿ کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ صوبوں کا موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاو¿ کیلئے وفاق سے تعاون اور ان کے اپنے اقدامات بھی قابل قدر ہیں۔رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی کاپ۔28 میں پاکستان بھرپور طریقے سے اپنا موقف پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ملکوں کے کیس کو بھرپور طریقے سے اقوامِ عالم کے سامنے رکھے گا۔ وزیرِ اعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تحت پاکستان موسمیاتی تبدیلی کونسل سے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ کمیٹی پاکستان میں کاربن کریڈٹس کی مارکیٹ کی تشکیل اور تجارت کیلئے ایک جامع پالیسی فریم ورک بنانے اور اسے مزید بہتر و مو¿ثر بنانے کیلئے کام کرے گی۔ وزیرِ اعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت خارجہ اور تمام متعلقہ اداروں کے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے مذکورہ اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں غزہ کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر سعودی قیادت کی تعریف کی۔ انوار الحق کاکڑ نے عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہا۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر نے ملاقات کی۔ اماراتی سفیر نے ابوظہبی میں آئندہ کاپ 28 اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم کو باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔ انوارالحق کاکڑ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور وسیع تر روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعظم نے توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ مسلم ممالک متحد ہو کر عالمی برادری پر اسرائیل کے مظالم روکنے پر زور دیں۔

ای پیپر دی نیشن