لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے چیف کمشنر سی ٹی او اور آر ٹی او لاہور سے ملاقات کر کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ ایف بی آر افسران نے بتایا وہ ٹیکس دہندگان جنہوں نے گوشوارہ جمع کرانے کیلئے توسیع کی درخواست دے رکھی ہے 30نومبر تک گوشوارہ جمع کر اسکتے ہیں۔اس موقع پر لاہور ٹیکس بار کے صدر زاہد پرویز،نائب صدر رانا کاشف ولایت ،جنرل سیکرٹری اعجاز علی بھٹی،جوائنٹ سیکرٹری چودھری اصغر جالندھری،فنانس سیکرٹری عامر ریحان اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی موجود تھے۔صدر زاہد پرویز اورجنرل سیکرٹری اعجاز علی بھٹی نے کہا کہ ٹیکس گوشوارہ جمع کرانا قومی فریضہ ہے لیکن اس کی ادائیگی انتہائی پیچیدہ اور اس میں بے پناہ قانونی خامیاں ہیں ۔ایف بی آر کا سسٹم آئرس بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں‘ ہر سال لاکھوں افراد گوشوارے جمع کرانے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کیلئے ہر شہر میں ٹیکس ریٹرن کاﺅنٹرز قائم کرنے چاہئیں ۔ ایف بی آر کاغلطیوں سے پاک انکم ٹیکس گوشوارہ یکم جولائی کو پورٹل پر موجود ہو تاکہ انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 30ستمبر سے آگے توسیع کے مطالبات نہ آئیں۔