لاہور(سپورٹس رپورٹر )قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فخر زمان میچ ونر کھلاڑی ہے اگر فٹ ہوا تو ٹیم میں موقع دیا جائیگا،نئی سلیکشن کمیٹی کے آنے سے رزلٹ کافی بہتر ہوئے ہیں۔ ہم 22سال بعد آسٹریلیا میں سیریز جیتے جو بڑی بات ہے۔ آنے والے دنوں میں قومی ٹیم میں تبدیلی نظر آئیگی اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم میں ایک تسلسل نظر آئیگا۔ کوچ اور کپتان کی سوچ کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائیگا۔ کوچ، کپتان اور پی سی بی سلیکشن کمیٹی مل کر فیصلہ کریں گے۔ ہمارا مقصد ہے کہ دستیاب کھلاڑیوں میں سے بیسٹ الیون لے کر بہترین کرکٹ کھیلیں‘ نئے کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں موقع دیا جائیگا۔ تنقید ہوتی رہے گی اور ہونی بھی چاہیے۔ ٹیم جب بھی جیتی ہے فینز نے تعریف ہی کی ہے۔ ٹیم میں تبدیلی کے آپشنز نہیں ہونگے، تو چوائس بھی نہیں ہو گی۔ قومی ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کو مواقع مل رہے ہیں ، سپنرز کو بھی موقع دینگے۔ صائم ایوب کی کارکردگی بہتر ہوتی جا رہی ہے۔ بابر اعظم نے بھی ٹیم میں اچھی پرفارمنس دی ہے۔ میرا مقصد کسی ایک شخص کو ٹارگٹ کرنا نہیں بلکہ کرکٹ میں اچھی چیزیں لانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ پچھلے کئی سال سے کوچنگ کررہا ہوں اس کا تجربہ ٹیم کیساتھ استعمال کروں گا۔کپتان اور کوچ کی مرضی کے بغیر سلیکشن کمیٹی ٹیم منتخب نہیں کرتی۔ا فوکس اس وقت ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی پر ہے، زمبابوے کیلئے جو ٹیم سلیکشن کی ہے اور نئے لڑکوں کو میسج دیا ہے کہ ان کو موقع ملے گا۔ صرف پاکستان کرکٹ کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے،بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے کھلاڑیوں نے ماضی میں پاکستان کیلئے پرفارم کیا ہے۔