لاہور(نامہ نگار) لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ناجائز اسلحہ کے خاتمے کیلئے کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملزمان سے 1530 کلاشنکوف، 38667 پسٹل، 3273 بندوقیں، 2867 رائفلز، 720 ریوالور لاکھوں کی تعداد میں گولیاں اور کارتوس بھی برآمد کئے گئے، صوبائی دارالحکومت میں ملزمان سے 126 کلاشنکوف، 8287 پسٹل، 572 رائفلز، 314 بندوقیں، 126 ریوالور، 46 ہزار گولیاں اور سینکڑوں کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ٹک ٹاک ویڈیوز میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کو بلا تفریق قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ اسلحہ کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس سٹاک انسپکشن کا عمل باقاعدگی سے سر انجام دیا جائے اور آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کے کریک ڈاؤن کی ہفتہ وار رپورٹس سی پی او بھجوائی جائیں۔