مریدکے(نامہ نگار) لاہور کنٹری کلب میں مقیم سکھ یاتریوں نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر مریدکے میں زیر تعلیم خصوصی بچوں و بچیوں کے لیے جدید کمپیوٹر لیب سمیت دیگر تعلیمی سہولتوں کے لیے آٹھ لاکھ روپے عطیہ کر دیئے۔ یہ قابل تحسین اقدام گزشتہ رات اس وقت عمل میں آیا جب ستر کے قریب مردو خواتین سکھ یاتریوں کے گروپ لیڈر مسٹر ناگرہ نے انتظامیہ کنٹری کلب سے چیرٹی دینے کے لیے اپنی خواہش ظاہر کی۔ منیجر کنٹری کلب کاشف انجم نے سپیشل ایجو کیشن سنٹر سکول کی مینجمنٹ کونسل سے رابطہ کیا اور سکول انتظامیہ سے سکیورٹی مسائل کے پیش نظر خصوصی وفد کنٹری کلب بھجوانے کی گزارش کی۔ جس پر ہیڈ مسٹریس میڈم راحت کی ہدایت پر چیئرمین ایس ایم سی ملک یاسین اعوان، سینئر رکن ایس ایم سی و صدر انجمن شہریان حاجی غلام محی الدین، سر نعیم اور کرامت علی بھٹی پر مشتمل چار رکنی وفد کنٹری کلب پہنچا اور معزز مہمانوں کو سکول کی اب تک کی کارکردگی اور چیلنجز بارے بریف کیا۔ محمد نعیم نے سکول بارے بریف اوور ویو دیا جبکہ کرامت بھٹی نے مقامی تاریخ نیز سماجی و انسانی حوالوں سے گفتگو کو آگے بڑھایا ۔ اگلے مقرر کاشف انجم تھے جن کے بعد مائیک مسٹر ناگرہ کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ آخر میں کرامت بھٹی نے سکول انتظامیہ اور مریدکے کے شہریوں کی جانب سے معزز مہمانوں کا دلی شکریہ ادا کیا۔
سکھ یاتریوں کا گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر مریدکے کیلئے 8 لاکھ روپے عطیہ
Nov 21, 2024