لاہور،(کامرس رپورٹر) داروغہ والا انڈسٹریل ایریا میں محکمہ ماحولیات کی جانب سے 200 سے 250 صنعتوں کی بندش پر صنعتکار شدید احتجاج کرتے ہوئے لاہور چیمبر مدد کیلئے پہنچ گئے۔ 200سے زائد صنعتکاروں پر مشتمل وفد نے کہا محکمہ ماحولیات کاروبار تباہ کرنے کے درپے ہے۔ انڈسٹری کی بندش کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے وفد سے کہا محکمہ ماحولیات اور دیگر اداروں کی جانب سے صنعتکاروں سے کروڑوں روپے رشوت وصول کرنے کی شکایات ہیں۔ موسم میں نمایاں بہتری سے سموگ ختم ہوچکی۔ صنعتوں کی بندش کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ صنعتی شعبہ کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین شعبان اختر اور عرفان احمد قریشی بھی موجود تھے جنہوں نے صنعتکاروں کی بھرپور حمایت کی۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور مزید ناانصافیوں کو روکیں۔ ماحول دوست ایندھن استعمال کرنیوالی صنعتوں کی بندش ناقابل قبول ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب فضائی معیار میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ شمالی لاہور کی صنعتیں معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان 1,600 سے زائد یونٹس واقع ہیں جن میں 25,000 سے زیادہ افراد ملازمت کرتے ہیں۔
داروغہ والا انڈسٹریل ایریا : 250 صنعتوں کی بندش ، 200صنعتکاروں کااحتجاج
Nov 21, 2024