عدالتی اصلاحات ، نظامِ انصاف کیلئے عوامی رائے کے فیصلے کا خیرمقدم :لیاقت بلوچ

لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا عدالتی اصلاحات اور نظامِ انصاف کو بہتر بنانے کیلئے چیف جسٹس کا عوام سے رائے لینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عدالتی نظام کی اصلاح کیلئے پہلے بھی کئی کمیشنز اور کمیٹیاں بنیں، اب بھی تجاویز آئیں گی۔ جماعت اسلامی بھی ماہرینِ قانون کے مشورہ سے نظامِ عدل کی سفارشات دے گی۔ چیف جسٹس آف پاکستان اگر یہ اہتمام کرلیں کہ سپریم کورٹ کے تمام ججوں پر مشتمل بنچ بناکر سفارشات کی سماعت کریں اور نظامِ عدل کی اصلاح کیلئے معاملات کمیٹیوں اور حکومت پر ڈالنے کی بجائے قومی آرا کی روشنی میں فل کورٹ بنچ رہنما اصول طے کردے، وگرنہ معاملات التوا میں رہیں گے۔لیاقت بلوچ نے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں کہا ریاض میں حالیہ اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے بعد ابھی تک کوئی بڑا عملی اقدام سامنے نہیں آیا، جس کی وجہ سے اسرائیلی صیہونی ظلم و ستم اور بڑھ گیا ہے۔ قاتل اسرائیل کا ہاتھ روکنے کیلئے عالم اسلام کا اتحاد اور مشترکہ فوجی حکمت عملی ناگزیر ہے۔

ای پیپر دی نیشن