لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت ترقیاتی سکیموں میں شامل مزارات پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بادشاہی مسجد متبرکات و نودارات اور مزار اقبال کے گرد ڈویلپمنٹ پراگریس کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف پنجاب نے داتا صاحب دربار کی توسیع کیلئے زمین ایکوائر کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے داتا دربار سے منسلک اوقاف کی دکانوں کی جگہ کی واگزاری کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔ انہوںنے کہا تاریخی عمارات کے تحفظ کیلئے رینوویشن کو انتہائی اعلیٰ معیار کے مطابق ہونا چاہئے۔ ترقیاتی سکیموں میں پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے تمام مقامات کا دورہ کروں گا۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، اے ڈی سی آر لاہور محمد صہیب بٹ، ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد و دیگر افسران نے شرکت کی۔