لاہور(نامہ نگار)سابق گورنر پنجاب پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمودنے بنوں میں خوارج دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 12 بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ان جوانوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا یہ بہادر سپوت قوم کے حقیقی محافظ ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادر وطن کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ دہشتگردی ایک ناسور ہے جس کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت اور سکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر سخت اور جامع حکمت عملی اختیار کریں تاکہ نہ صرف ان حملوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے بلکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ممکن ہو۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ضروری ہے اور اس ضمن میں تمام قومی اداروں کو ایک صفحے پر آ کر موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔