لاہور (لیڈی رپورٹر ) پاکستان میں خلائی ٹیکنالوجی اور تحقیق کی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)، لاہور میں جدید ترین ریزالو آر اینڈ ڈی لیب کا افتتاح کر دیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کے ہمراہ افتتاح کیا۔ اس جدید نظام کا مقصد پاکستان کے شمال، مرکز اور جنوب میں تکنیکی تحقیقی لیبارٹریوں کا قیام ہے، جو تعلیمی اداروں اور صنعت کو جدید ٹیکنالوجیز پر کام کرنے کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ جدید کمپیوٹنگ وسائل سے لیس یہ لیبارٹریاں محققین کو پیچیدہ اور حقیقی دنیا کے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کیلئے اشتراکی ماحول فراہم کریں گی۔ رانا سکندر حیات نے بچوں کا عالمی دن منفرد انداز میں منایا۔ وزیر تعلیم نے سندس فاؤنڈیشن کیلئے ہر ہفتے ایک کالج، یونیورسٹی میں بلڈ کیمپ لگانے کا بھی اعلان کیا اور ان بلڈ کیمپس کی خود مانیٹرنگ کا عندیہ دیا۔