لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ میں ہیلتھ ویک کا آغاز کردیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سمن آباد میں ہیلتھ ویک کا افتتاح کیا۔ ہیلتھ ویک صوبہ بھر میں 20 تا 22 نومبر جاری رہے گا۔ ہیلتھ ویک کے تحت تمام ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں، بنیادی و دیہی مراکز صحت اور تمام جیل ہسپتالوں میں ہیلتھ سکریننگ کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری پنجاب نے سکریننگ کیلئے قائم مختلف کاؤنٹر پر طبی معائنہ کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رجسٹریشن، وائٹل، ٹی بی، شوگر اور حاملہ خواتین اور کاؤنسلنگ کاونٹرز پر جاکر مریضوں سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ خواجہ عمران نذیر اور زاہد اختر زمان نے ہیلتھ ویک کے انتظامات کی تعریف کی۔ صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری نے ہسپتال میں قائم پیراپلیجک سنٹر کا دورہ بھی کیا اور مصنوعی اعضاء کی تیاری کی ورکشاپ اور فزیو تھراپی روم کا معائنہ کیا۔
پنجاب بھر میں ہیلتھ ویک کا آغاز ،وزیر صحت، چیف سیکرٹری نے افتتاح کردیا
Nov 21, 2024