لاہور (لیڈی رپورٹر) تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک اور انٹر کے امتحانی نظام میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے تحت پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کر دیے گئے ہیں۔ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (آئی بی سی سی) نے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کو اس تبدیلی سے آگاہ کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق 35 نمبر حاصل کرنے والے امیدوار کو 5 اضافی نمبر گریس مارکس کے طور پر دیے جائیں گے، آئی بی سی سی نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ گریس مارکس زیادہ سے زیادہ دو مضامین میں دیے جا سکتے ہیں جبکہ تین مضامین میں فیل ہونے کی صورت میں گریس مارکس نہیں ملیں گے۔ تعلیمی بورڈز کی جانب سے گریس مارکس کو 7 تک بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی تاہم آئی بی سی سی نے اسے مسترد کر دیا۔ پیپر چیکرز کو نئی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا تاکہ امتحانات کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔