6 اضلاع میں کارکردگی خراب‘ پولیو کا خاتمہ یا چھٹی کریں: وزیراعلیٰ سندھ 

Nov 21, 2024

کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ کو ہدایت کی ہے کہ پولیو مہم کے دوران متحرک کردار ادا نہ کرنے والے ڈی سیز،ا یس ایس پیز اورڈی ایچ اوز کوعہدوں سے ہٹا دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 13کیسز رپورٹ ہوئے‘ 6اضلاع میں کارکردگی خراب جارہی ہے یا تو پولیو کا خاتمہ کریں یا چھٹی کریں۔انہوں نے کہا وہ پولیو کے خاتمے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں لیکن پولیو کے قطرے پلانے سے انکار، متعلقہ افسران کی عدم دلچسپی اور ہجرت کی وجہ سے پولیو وائرس صوبے بھر میں پھیل گیا۔ اجلاس میںصوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پبلک سیکٹر کمیونی کیشن مینجمنٹ آغا واصف، سیکرٹری صحت ریحان بلوچ، انچارج ایمرجنسی آپریشن سینٹر ارشاد سوڈھڑ و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں حیدرآباد، جیکب آباد اور کیماڑی میں دو دو کیسز، شکارپور، شرقی (گجرو)، سجاول، ملیر، میرپور خاص سانگھڑ اور گھوٹکی میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔  وزیراعلیٰ سندھ نے آخر میں  تمام اسٹیک ہولڈرز اور والدین مل کر پولیو کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ 

مزیدخبریں