کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے پہلے میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب آئیڈیاز 2024 کے دوران ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (پی ایم ایس ٹی پی) میری ٹائم سائنسز، ٹیکنالوجی، کاروبار اور صنعت کے شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔ یہ اہم پیش رفت پاکستان کی جی ڈی پی اور بحری شعبے کی ترقی کے لیے نئے راستے کھولے گی۔ امیر البحر نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایم ایس ٹی پی کی کامیابی بصیرت رکھنے والے افراد اور تنظیموں کے ساتھ قائم کی گئی شراکت داری کی عکاس ہے۔ اس پارک کے اقدامات میں بحری ٹیکنالوجیز، آرٹیفیشل انٹیلیجینس، سائبر سکیورٹی، اوشن رینیوایبل انرجی، سی فوڈ پروسیسنگ، جہاز سازی، اور ساحلی سیاحت سمیت متعدد شعبوں کو فروغ دینا شامل ہے۔ پارک کا تصور جدت اور ترقی کے لیے ایک انقلابی مرکز کے طور پر کیا گیا ہے، جو پاکستان کی بلیو اکانومی کو تقویت دینے کے لیے میری ٹائم سائنس اور ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔