اس دن کی منتظر ہوں جب جعلی ویڈیو کیس کی مرکزی ملزمہ گرفتار ہو گی: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ میں اس دن کی منتظر ہوں جب جعلی ویڈیو کیس کی مرکزی ملزمہ گرفتار ہو گی۔ جعلی ویڈیو پھیلانے میں جس موصوفہ کا نام ہے اس کے شوہر کی سمز فرنچائزز ہیں۔ ان سمز کے ذریعے دوسروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ تحریک انتشار جو ریلی اسلام آباد لیکر گئی اس پر 81 کروڑ روپے خرچ ہوا ہے۔ 24 نومبر کے احتجاج کیلئے ہر ایم پی اے اور ایم این اے کو 4،4 لاکھ روپے دیا جا رہا ہے۔ کیا کوئی عدالت یا ادارہ ان سے پوچھے گا کہ دھرنوں، جلسے جلوسوں پر خرچ ہونے والا پیسہ ان باپ کا ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اللہ کرے وہ دن آئے کہ میں اس ملک سے انصاف لے سکوں۔ اب وقت آگیا ہے پاکستان میں سوشل میڈیا کو ریگولرائز ہونا چاہیے اور ایف آئی اے کی کیپسٹی بلڈنگ ہونی چاہیے۔ جو فنڈز کے پی کے فلاح و بہبود پر خرچ ہونے چاہیے وہ ان کے احتجاج پر لگ رہے۔ میری عدالتوں سے گزارش ہے کہ قانون کو اتنا ہلکا مت بنائیں۔ تحریک انتشار والے ریاست کے خلاف جو جہاد کرنے آرہے ہیں، ہمیں بخوبی آتا ہے کہ ان کے ساتھ کیسے نمٹا جائے۔ ان کے پاس پلان اے بی سی ہے تو ریاست کے پاس پوری اے بی سی ہے۔ علاوہ ازیں عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا اور نجی ٹی وی کے اینکر کی جانب سے سنسنی خیزی کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔ چائینز حکومت کی جانب سے مہمان اور میزبان دونوں کو غلط بیانی کا مرتکب کہا گیا ہے۔ دوسری جانب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں ٹھیلہ لگانے والی بیوہ خاتون کو پانچ لاکھ کا چیک دے دیا۔ ہائیکورٹ کے احاطہ میں خاتون عرصہ دراز سے ٹھیلہ لگا کر اشیاء فروخت کر رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن