سموگ صورتحال فیور میں، مجرم کو جیل سے چھڑانا ریاست پر حملہ ہے: مریم اورنگزیب 

Nov 21, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے موجودہ ملکی صورت احوال بارے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کی صورت احوال اس وقت پاکستان کی فیور میں ہے، اب کراچی تک سموگ پھیل چکی ہے۔ سموگ متعلق ای پی اے نے لبرل فیصلے لیے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم سموگ سے مقابلہ کرنا ہے۔ اس کے تدارک کے لیے سارے حکومتی ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ آئندہ چار دن اچھے موسم کی پیشین گوئی ہے۔ 2014ء میں نواز شریف کی زیرقیادت ملک ترقی کی جانب رواں دواں تھا۔ اس وقت بھی ڈی چوک پر گندے کپڑے لٹکا کر بدنام کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ کل اور آج بھی ہمیں ملکی ترقی نہ منظور ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ایک مجرم کو جیل سے چھڑوانا ریاست پر حملہ ہے، اسے مضحکہ خیز مذاق بنا دیا۔ ہم نے اپنے کورٹس کیسز میں کبھی اف تک نہیں کیا، ہمیشہ سامنا کیا۔ خدارا! ملک، لوگوں اور سکیورٹی اداروں کا وقت ضائع نہ کریں۔ اپنے معاملات کو گھر پر ہی طے کریں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے آپ کے تین جلسے ناکام ہو چکے ہیں۔ یہ سن لیں کہ آپ لوگ سسٹم کو تہس نہس کر رہے ہیں۔ آپس میں مل بیٹھ کر فیصلہ کر لیں۔ ملکی ترقی و بہتری میں حصہ ڈالیں۔ مریم نواز تمام شعبوں میں ہر روز پوری قوت کے ساتھ عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ گنڈا پور آپ کے پی کے میں احتجاج کریں۔ آپکا لیڈر اپنی کرتوتوں کی وجہ سے سزا بھگت رہا ہے۔ پیپلز پارٹی ایک میچور پارٹی ہے وہ ایک صوبے کو دوسرے صوبے کے خلاف کبھی کھڑا نہیں کرتے، وہ آئینی پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں۔ انسداد سموگ پر 10 سالہ منصوبہ دے دیا گیا ہے۔ لاہور کا گرین ماسٹر پلان بن چکا ہے جبکہ باقی اضلاع کے گرین ماسٹر پلان پر کام جاری ہے۔ اداروں کی ڈاؤن سائزنگ پر کام کر رہے ہیں یہ ایک بہت بڑامنصوبہ ہے۔ اس کے پروسیس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈاؤن سائزنگ محکمہ برائے محکمہ کے کام پر مبنی ہے۔

مزیدخبریں