گورونانک جنم دن کی تقریبات ختم‘ پاکستان کا پیار‘ انتظامات قابل تعریف: یاتری

شکرگڑھ، گوجرانوالہ، کامونکی ‘لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+خصوصی نامہ نگار) کرتار پور میں بابا گورو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ یاتریوں نے بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور بھارت سرکار سے کرکٹ اور کبڈی ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ دربار کرتارپور میں میلے کا سا سماں ہے۔ یاتریوں کی تواضع الائچی بادام والے دودھ، جلیبیوں سے کی گئی۔ یاتریوں نے پاکستان سے ملنے والی محبت، پیار اور بہترین انتظامات کی تعریف کی۔ اختتامی دعا کے بعد یاتری بسوں میں سوار ہو کر ایمن آباد روانہ ہو گئے  اورگردوارہ روڑی صاحب آمد پر کمشنر نویداحمد، آرپی او طیب حفیظ‘ سی پی او رانا ایاز ودیگر نے یاتریوںکاپرتپاک استقبال کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گوجرانوالہ کی انتظامیہ اور اداروں کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے جس پرسکھ یاتریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔32سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کئی جبکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں‘ ریسکیو1122کی گاڑیوں بھی موجود رہیں ۔تاہم سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے کامونکی سے تعلق رکھنے والے مقامی عزیز واقارب کوسکھ یاتریوں سے ملنے نہ دیا گیا ‘ لوگ  تحفے تحائف سمیت مایوس واپس لوٹ گئے۔گردوارہ روڑی صاحب میں رسومات ادا کرنے کے بعد یاتریوں کے جتھے گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچ گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ سیف اللہ کھوکھر کا کہنا ہے کہ گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں سکھ یاتریوں کیلئے رہائش کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ گردوارہ کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا‘ گریٹر اقبال پارک اور شاہی قلعہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق یاتری گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں 2 روز قیام کرینگے جہاں انکے اعزاز میں تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ یاتری23 نومبر کو 10 روزہ دورہ مکمل ہونے پر بھارت واپس روانہ ہونگے۔

ای پیپر دی نیشن