لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جاری کرنے کیلئے آج آخری دن ہے ۔ ایونٹ کا شیڈول 21نومبرتک جاری کرنا لازمی تھامگر بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث اس کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں شیڈول کا اعلان اگلے 24 گھنٹے میں مشکل ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اپنے موقف پر ڈٹے رہنے سے پیش رفت نہیں ہو رہی، چیمپئنز ٹرافی ہائی برڈ ماڈل پر تسلیم نہ کرنے پر پی سی بی اپنے موقف پر قائم ہے۔ سٹیک ہولڈرز نے لچک دکھائی تو پھر شیڈول کا اعلان ایک دو روز میں ممکن ہو سکے گا، سٹیک ہولڈر شیڈول کے مطابق باہمی اتفاق کیساتھ ایونٹ کے انعقاد کے حق میں ہیں۔براڈ کاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز پاکستان‘ بھارت میچ کے بغیر شیڈول تسلیم نہ کرنے کے موقف پر قائم ہیں، براڈ کاسٹرز نے پاکستان‘ بھارت میچ نہ ہونے کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کا بھی بتا دیا۔بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ یکم دسمبر کو چیئرمین آئی سی سی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ڈیڈ لاک پر آج بڑی پیش رفت ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ دبئی پہنچ گئے ہیںاور ان کی آئی سی سی آفیشلز سے ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بڑی پیش رفت کا امکان ہے اور اس ملاقات کے بعد آئی سی سی چیئرمین کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے فون پر رابطہ بھی متوقع ہے۔ پی سی بی نے وجوہات جاننے کیلئے 10 روز قبل آئی سی سی کو خط لکھا تھا مگر اس پر چپ سادھ لی گئی، اگر کوئی ملک کھیلنے سے انکار کرے تو ایونٹ میں نویں نمبر کی ٹیم کو شامل کر لیا جاتا ہے۔پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹرافی ٹور بھی جاری ہے ۔ چیمپئینز ٹرافی کا کپ دورہ پاکستان کے آخری مرحلے پی سی بی حکام کی نگرانی میں اسلام آباد سے کراچی پہنچ گیا۔ ٹرافی کو مقامی ہوٹل منتقل کیا گیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو ٹرافی کے ٹور کے حوالے سے سکیورٹی کلیرنس کا انتظار ہے، جس کے بعد ٹرافی کو نیشنل سٹیڈیم لایا جائیگا۔شیڈول کے تحت چیمپئینز ٹرافی کا کپ مزار قائد کے بعد مہوٹہ پیلس میں بھی رونمائی کی جائے گی۔ بعدازاں ٹرافی کو عوامی نمائش کیلئے مختلف مقامات پر رکھا جائیگا۔