واشنگٹن(آئی این پی) امریکہ نے پاکستان میں دہشتگرد انہ حملو ں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں بے تحاشہ نقصان اٹھایا، دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی رپورٹس سے آگاہ ہیں اور ان دہشتگرد حملوں کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا، پاکستانی عوام کے خلاف سفاکانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔دہشتگردوں کاکوئی ملک اور کوئی مذہب نہیں ، ہمارے دل دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، پاکستانی عوام نے دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا، حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ د ہشتگردگروپوں کا پتہ لگانے، ان کی روک تھام اور انہیں جواب دینے کی صلاحتیں پیدا کرنے کے مواقع کی نشاندہی کے لیے حکومتی رہنمائوں اورسول اداروں سے بات چیت کیلئے پرعزم ہیں۔میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشتگردی پارٹنرشپ جاری ہے، اس قسم کے خطرات کاپتہ لگانے اور ان سے نمٹنے کے لیے فوجی اور سویلین صلاحیتیں بڑھانے پر مشاورت اور اعلی سطح کا ڈائیلاگ اس میں شامل ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کاکہنا تھا کہ امریکہ میں سکھ شہریوں کولاحق خطرات پرحکومت سنجیدہ ہے، امریکہ میں مقیم سکھ کمیونٹی کے خدشات پربھارت سے جواب لیاجارہاہے۔
پاکستان نے دہشتگردوں سے بہت نقصان اٹھایا، دہشتگردی کیخلاف کوششیں قابل تحسین: امریکہ
Nov 21, 2024