کراچی (نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کارکردگی کو دیکھا جاتا تو پی ٹی آئی کو ووٹ نہ ملتا، پسماندگی کو ترقی اور دھوکے کو حقیقت نہیں کہہ سکتا۔ ایبٹ آباد کے علاقے بکوٹ میں پی ٹی آئی کے پروگرام میں تقریر کے دوران شیر افضل مروت اپنی ہی جماعت پر چڑھ دوڑے اور خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہا کے پی کے عوام نے تین بار پارٹی کیلئے اپنا ووٹ قربان کیا، اگر کارکردگی دیکھی جاتی تو پارٹی کو ووٹ نہ ملتا، پسماندگی کو ترقی اور دھوکے کو حقیقت نہیں کہہ سکتا۔ غلط فیصلوں پر ڈٹے رہنا بے وقوفوں اور جاہلوں کی نشانی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اپنی زبان پر کنٹرول نہ ہونے کی بیماری کی وجہ سے پارٹی کے اندر بھی مار پڑتی ہے۔ شیر افصل خان مروت نے بانڈیاں نمل کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔