لاہور (نیوز ڈیسک) سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی نے فیک نیوز شائع کرنے پر انگریزی اخبار کو لیگل نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اخبار غیر مشروط معافی مانگے اور تسلیم کرے کہ شائع کی گئی تمام معلومات جھوٹی، گمراہ کن اور بے بنیاد تھیں۔ نوٹس کے مطابق اخبار اپنی گزشتہ اور جھوٹی خبر جتنی نمایاں معافی بھی شائع کرے اور اس بات کو تسلیم کرے کہ رپورٹ کی گئی معلومات جھوٹی، گمراہ کن اور بے بنیاد تھیں۔ نوٹس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ اخبار ضمانت دے کہ وہ آئندہ پنجاب حکومت کے خلاف اس طرح کا جھوٹا مواد بغیر تصدیق کے شائع نہیں کرے گا۔ اس حوالے سے سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی کا کہنا تھا کہ اخبار اگر ان مطالبات پر عمل نہیں کرتا اور یہ نوٹس وصول کرنے کے 7 دن کے اندر اس کا جواب نہیں دیتا تو ہمارے پاس ان کے خلاف defamation جیسے مقدمات شروع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ ان مقدمات میں فوجداری کارروائی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب پاکستان کے قوانین کے تحت مناسب قانونی طریقہ کار اختیار کرنے کا پورا حق محفوظ رکھتی یے۔ پنجاب حکومت پاکستان پریس کونسل میں شکایت درج کرانے اور اپنی شہرت کو پہنچنے والے نقصان کے عوض خاطر خواہ ہرجانہ طلب کرنے کا بھی حق رکھتی ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پنجاب نے انگریزی اخبار کو لیگل نوٹس جاری کر دیا
Nov 21, 2024