فارم 45 اور 47 کا فرق بھی دیکھ لیں: سپریم کورٹ

Nov 21, 2024

اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 45  کے 15 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی  حکم دیدیا۔ علی محمد جتک کی کوئٹہ کے حلقہ پی بی 45  کے 15 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عقیل عباسی نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ اس کیس میں الزام فارم 45  اور 47 میں تضاد کا ہے، فارم 45  اور فارم 47  کا فرق بھی دیکھ لیں، ریکارڈ سے تضاد واضح نظر آ رہا ہے، حیران کن طور پر فارم 45 سے متعلق الزامات دونوں اطراف سے آئے ہیں۔ جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ سنگین الزامات ہیں، سیل ٹوٹے ہوئے ہیں، ایک رات پہلے بیلٹ پیپر غائب کر دئیے گئے ۔ وکیل نے دلائل دئیے کہ فیصلے میں جج صاحب جو کہہ رہے ہیں اس کی بنیاد کوئی نہیں ہے، مائی لارڈ ان کی طرف سے صرف چار فارم 45  کی فوٹو کاپیاں لگائی گئی ہیں۔ جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ ایک بھی آ جائے تو کافی ہے، محترم 16 گواہوں نے بیانات دیے ہیں۔ سپریم کورٹ نے علی محمد جتک کی ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے علی حسن زہری کی اپیل منظور کرتے ہوئے پی بی 21 میں دوبارہ گنتی سے متعلق معاملہ الیکشن کمشن کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کی درخواست کو ازسر نو سن کر فیصلہ کرے۔

مزیدخبریں