سرفراز بگٹی کی ملاقات، انٹرن شپ پروگرام، 7354 کالج اساتذہ بھرتی، 8 ماہ کیلئے 50 ہزار ماہانہ دینگے: مریم نواز

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے  کہا کہ بلوچستان میں رہنے والے بھائیوں کی مانند ہیں۔ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور معاونت کریں گے۔ صوبائی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں  گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے مل جل کر کام کریں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی مثالی خدمت کر رہی ہیں۔ جبکہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام مکمل کر لیا گیا ہے جس کے تحت پنجاب کے سرکاری کالجز میں 7354 کالج ٹیچرز انٹرنیزکی بھرتی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ کالج ٹیچر انٹرنیز کو 8 ماہ کے لئے 50ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔ کالج ٹیچر انٹرنیز 31مارچ تک سرکاری کالجز میں اکیڈمیک سیشن مکمل ہونے تک تدریسی خدمات سرانجام دیں گے۔  وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے شفافیت کے ساتھ میرٹ پر انٹرنیز بھرتی کرنے پر ہائر ایجوکیشن ٹیم کو شاباش دی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کالجز کے 962 اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔ کالج کے ٹیچرز کو گھر بیٹھے پورٹل پر آن لائن اپلائی کرنے کے بعد آرڈر مل گئے۔ سرکاری کالجز کے پرنسپل اور ڈائریکٹرز کی تعیناتی بھی شفافیت کے معیار پر کی جائے گی۔  دوسری جانب مریم نواز شریف نے چیف منسٹر لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کو 90دن میں لیپ ٹاپ دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پنجاب کے طلبہ کو جدید ترین کور آئی سیون، 13جنریشن لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے 2ہزار اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی ہے۔ پروگرام کے تحت طلبہ کو میرٹ پر وزیراعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت کامیاب طلبہ کو گارڈ آف آنر بھی دیا جائے گا۔ یونیورسٹیوں کے 20ہزار، کالجز کے 14ہزار، ٹیکنیکل و ایگریکلچر کے 4ہزار، میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے 2ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں 32فیصد جنوبی پنجاب کے طلبہ شامل ہوں گے۔ طلبہ کو وزیراعلی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 30دن میں 5ہزار اور 20فروری تک 35ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، سائنس، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، بزنس، لینگوئج، ویٹرنری اور ایگریکلچر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ پنجاب بھر میں 30ہزار سرکاری اور 10 ہزار پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو سکالرشپ بھی دئیے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 18ہزار طالبات کو وظائف ملیں گے۔ چار سے پانچ سال تک طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ہونہار سکالر شپ کے تحت ادا کی جائے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہونہار سکالر شپ کیلئے 68329 درخواستیں موصول ہوئیں اور 34290 درخواستوں کی تصدیق مکمل کر لی گئی۔  جبکہ بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ بچے اللہ تعالی کا خاص تحفہ ہیں، ان کی مسکراہٹ سے زیادہ خوبصورت چیز دنیا میں کوئی نہیں ہے۔ معصوم بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے تعلیم، صحت اور تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ ریاست ماں جیسی ہے، بچوں کی صحت، تعلیم، تحفظ اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔ بچوں کو سٹنٹڈ گروتھ اور غذائی قلت سے بچانے کیلئے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ ارلی چائلڈ ہڈ سکول سسٹم سے بچوں کے ذہنی و فکری نشوونما کی جائے گی۔ مریم نواز شریف نے بنوں مالی خیل میں خوارج کے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اور شہداء کے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن