بچے قوم کا اثاثہ، فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہیں گے، وزیراعظم: عرفان صدیقی کی ملاقات

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق کی علامت ہونے کے حوالے سے ایوان بالا کو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی گروپ کو اس مقصد کے لیے ایوان میں موجود تمام دوسری جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔ بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے سینٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور سینٹ کی خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے یہاں وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے سینٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ انہوں نے معاشی اہداف کے حوالے سے شاندار کارکردگی پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز قابل تحسین کر دار ادا کررہے ہیں، وفاق کی علامت ہونے کے حوالے سے ایوان بالا کو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی گروپ کو اس مقصد کے لیے ایوان میں موجود تمام دوسری جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔ آج کے دور میں مضبوط خارجہ پالیسی کی اہمیت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ وزیر اعظم نے توقع ظاہر کی کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ ایک تھنک ٹینک کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کی راہنمائی کرے گی۔ قبل ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور ایک محفوظ اور پرورش کرنے والا ماحول فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے تاکہ بچے اپنی مکمل صلاحیتوں کو حاصل کر سکیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ عالمی یوم اطفال ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ اور تکمیل کو یقینی بنائیں۔ بدھ کو  پی ایم  آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  اپنے پیغام میں کہا کہ آج عالمی یوم اطفال کے موقع پر میں پاکستان کے بچوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، یہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار  اور قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے۔ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن