اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب میں کہا ہے کہ مجھے پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل پر کامل یقین ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی میں دفاعی نمائش کے دورہ کے موقع پر کاروباری برادری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ایک سال پہلے چھائے ہوئے مایوسی کے بادل آج چھٹ چکے ہیں، میں نے گزشتہ نشست میں بھی کہا تھا کہ ’’مایوسی مسلمان کے لیے حرام ہے‘‘۔ آج پاکستان کی معیشت کے تمام اعشاریے مثبت ہیں، اگلے برس تک انشاء اللہ مزید بہتر ہوں گے، مایوسی پھیلانے اور ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں۔۔؟، کیا ان کو جواب دہ نہیں ٹھہرانا چاہیے؟۔ آرمی چیف نے کہا کہ کوئی چیز بشمول سیاست ملک سے مقدم نہیں، ہم سب کو ذاتی مفاد پر پاکستان کو ترجیح دینی چاہیے، ریاست ماں کی طرح ہے اور اس کی قدر لیبیا، عراق اور فلسطین کے عوام سے پوچھنی چاہئے۔ آرمی چیف نے کہا کہ یاد رکھیں! پاکستان کے سوا ہماری کوئی شناخت نہیں ہے، جتنی بھی مشکلات ہوں اگر ہم سب مل کر کھڑے ہو جائیں تو کوئی کچھ بگاڑ نہیں سکتا، آپ اپنا پیسہ لے کر پاکستان آئیں، عوام بھی کمائے اور ملک بھی ترقی کرے۔ جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ صرف پاکستانی ہی پاکستان کو ’’بیل آؤٹ‘‘ کے ذریعے معاشی استحکام لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی غیر قانونی کاروبار والے کرتے ہیں جن کے پیچھے مخصوص عناصر ہوتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی ڈیجیٹل سکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024 کا خصوصی دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا۔ نمائش میں کل 557نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں، جبکہ 224 ملکی نمائش کنندگان ہیں، 36ممالک نے نمائش کنندگان کے سٹالز لگائے جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔ ایونٹ میں 53ممالک کے 300سے زائد غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی اور نمائش اور پاکستان کی دفاعی صنعت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ نمائش کے دوران، آرمی چیف نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ بامعنی بات چیت بھی کی۔ اس موقع کی ایک اہم بات گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز پاکستان کی طرف سے تیار کردہ جدید ترین ڈرون (شاہپر تھری) کا افتتاح تھا۔ شاہپر تھری اعلی درجے کی صلاحیتوں کا حامل ڈرون ہے، جو 35000 فٹ کی آپریشنل اونچائی پر پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور 24 گھنٹے سے زیادہ پرواز کرسکتا ہے۔ یہ ڈرون بموں، میزائلوں اور ٹارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئیڈیاز 2024 کا 12 واں ایڈیشن 19 نومبر کو شروع ہوا اور 22 نومبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔ قبل ازیں آرمی چیف کی کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
روشن مستقبل پر کامل یقین، سیاست ملک سے مقدم نہیں: آرمی چیف
Nov 21, 2024