ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے‘ جنگی معرکوں کو بھلا کر تعلیم‘ سائنس و ٹیکنالوجی کے محاذوں پر جنگ لڑنا ہوگی : شہبازشریف

لاہور + مردان (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار + ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب ہمیں جنگی معرکوں کو بھلا کر تعلیم‘ سائنس اور ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کے محاذوں پر جنگ لڑنا ہو گی اور ان شعبو ں کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے‘ معیشت کو مستحکم بنا کر ہی نہ صرف ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے بلکہ اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام بھی حاصل کیا جا سکتا ہے‘ پنجاب حکومت صوبے میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے اور بائیو ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے لئے بھی تمام سہولتیں فراہم کرے گی۔ سیلاب نے جہاں ملک میں بے پناہ تباہی مچائی وہاں اس قدرتی آفت نے 63 سال بعد قوم کو گہری نیند سے جگایا ہے‘ اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننے اور انہیں پورا کرنے کا موقع بھی فراہم کیا ہے‘ اس موقع پر فائدہ اٹھانے نہیں تیز رفتاری سے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے آگے بڑھنا ہے‘ اگر ہم محنت‘ لگن اور جذبے کو شعار بنا لیں تو پھر کوئی پہاڑ ہماری منزل کے راستے میں حائل نہیں ہو سکتا۔ سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے‘ اس حوالے سے خصوصی پیکج مرتب کیا ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک اور قابل افسوس ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میڈیا اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے‘ بھارتی ایجنٹ کہنے کا کسی کو کوئی حق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز، بائیو ٹیکنالوجی سیمینار اور نمائش کی افتتاح اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران‘ اہلکاروں اور یونیورسٹی طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقاریب سے خطاب اور مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سے گورنر خبر پی کے اویس غنی نے بھی گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف مردان میں مسلم لیگی رہنما سرانجام خان کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بیٹے خالد خان کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ہر صورت میں گامزن کرنا ہے۔ قدرت نے ہمیں بے پناہ وسائل سے نوازا ہے جنہیں ترقی دے کر اغیار کی امداد سے چھٹکارا حاصل کر کے خود انحصاری کی منزل پا سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے وائس چانسلر اور اساتذہ کی لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ہم آج تک لائیو سٹاک کے شعبے کو ترقی نہیں دے سکے جبکہ دیگر مالک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر کے بھاری مالیت کا گوشت برآمد کر رہے ہیں۔ ملائیشیا کو گوشت برآمد کرنے کے لئے سیمپل بھجوایا ہے جو منظور ہو چکا ہے‘ اس کامیاب پر سیکرٹری لائیو سٹاک مبارکباد کے مستحق ہیں۔ شہباز شریف نے اس موقع پر لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی اور سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کی امداد اور بحالی میں حصہ لینے والے افراد میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ بعدازاں انہوں نے مجوزہ بائیو ٹیکنالوجی پارک کے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی اور نمائش کا افتتاح کیا۔

ای پیپر دی نیشن