24 اکتوبر تک مہلت‘ گوشوارے جمع نہ کرانے پر 3 وزراءسمیت 16 ارکان سینٹ کی رکنیت معطل کر دی جائے: الیکشن کمشن

Oct 21, 2011

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (قاضی بلال) الیکشن کمشن نے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرنے والے اراکین پارلیمنٹ کو کام سے روکنے کی بجائے انہیں مزید مہلت دیدی ہے تیس ستمبر کے رولز کے مطابق ہر رکن قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو سالانہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے ہوتے ہیں پندرہ اکتوبر تک گزٹ تیار کرکے ایسے تمام اراکین کو کام سے روک دیا جاتا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ ایسے اراکین کو نوٹسز جاری کئے جاتے ہیں مگر پانچ روز زائد ہونے کے باوجود الیکشن کمشن نے سارے معاملے کو صیغہ راز میں رکھا اور کسی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہ کیں۔ جمعرات کو الیکشن کمشن نے ایوان بالا کے سیکرٹری کو گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے بارے میں لیٹر لکھا جس کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ‘ وزیرداخلہ ڈاکٹر عبدالرحمان ملک‘ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے نام سرفہرست ہیں جنہوں نے مذکورہ تاریخ گزرنے کے باوجود ابھی تک گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ الیکشن کمشن نے متعدد دیگر سینیٹرز کو وارننگ دیتے ہوئے خط میں لکھا ہے کہ یہ اراکین چوبیس اکتوبر تک گوشوارے جمع کرادیں بصورت دیگر ان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں سینٹ کی کارروائی میں شرکت سے روک دیا جائے گا۔ خط میں پیپلز پارٹی کے چیف وہپ سینیٹر اسلام الدین شیخ‘ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید‘ (ق) لیگ کے سینیٹر محمد علی درانی‘ سینیٹر جاوید علی شاہ‘ سینیٹر نعیم حسین چٹھہ‘ سینیٹر ہمایوں خان‘ جمعیت علماءاسلام (ف) کے قائد حزب اختلاف سینیٹر عبدالغفور حیدری‘ سینیٹر مولانا گل نصیب‘ سینیٹر رحمت اللہ کاکڑ اور سینیٹر حاجی غلام علی کے علاوہ فاٹا کے سینیٹر انجینئر رشید احمد خان اور سینیٹر عبدالرزاق شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق قوم اسمبلی کے بھی 100 سے زائد اراکین نے ابھی تک گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں الیکشن کمشن چند روز میں سیکرٹری قومی اسملی کو لیٹر لکھنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے درجنوں اراکین نے بھی ابھی تک گوشوارے جمع نہیں کرائے‘ الیکشن کمشن کی جانب سے کسی قسم کی بھرپور کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے اراکین پارلیمنٹ و سینیٹرز اس سارے عمل کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں جبکہ الیکشن کمشن حکام نے اس حوالے سے تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
مزیدخبریں