لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی مضبوطی کیلئے مسلم لیگ (ن) کو منظم کریں گے۔ نوجوان تحریک پاکستان کا ہر اول دستہ تھے، آج ملک بچانے کیلئے نوجوانوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ میاں نواز شریف پاکستان کے نوجوانوں کو باوقار اور بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں، نوجوانوں کے بغیر نظام بدلے گا اور نہ ملک کی تقدیر بدلے گی۔ نوجوانوں میں دو قومی نظریے کا فروغ اور انہیں معاشرے کا ایک کارآمد شہری بنانا ہمارا مشن ہے۔ پاکستان کی بقاءاور اس کے بچا¶ کے لئے ہم میں سے کسی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ نوجوانوں کے دل میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم عوام کی طاقت سے پاکستان کو کرپشن کی نجاست سے پاک کر دیں گے۔ بابائے قومؒ کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہمارا مقدس مشن ہے۔