لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران ترنم میں گانا گایا۔
اکیلے نہ جانا ہمیں چھوڑ کر تم
تمہارے بنا ہم بھلا کیا جئیں گے
دیا حوصلہ جس نے جینے کا ہم کو
وہ اک خوبصورت سا احساس ہو تم
جو مٹا نہیں دل سے تم وہ یقیں ہو
ہمیشہ جو رہتی ہے وہ آس ہو تم
یہ سوچا ہے ہم نے کہ اب زندگی بھر
تمہاری محبت کو سجدہ کریں گے
وزیر اعلیٰ کے خطاب سے سٹیڈیم میں بیٹھے ہزاروں نوجوان اپنی نشستوں پر فرط جذبات سے اٹھ کھڑے ہوئے اور بھرپور انداز میں تالیاں بجائیں۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج کی تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد میں موجودگی نے ثابت کر دیا کہ ہماری قوم باصلاحیت ہے اورہمارے نوجوان تمام شعبوں میں نام پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پنجاب یوتھ فیسٹیول 2012ءکے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا۔ فضا میں غبارے چھوڑے گئے اور پورا سٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف پنجاب کے 9 ڈویژنوں سے 15 ہزار اتھلیٹس کی مارچ پاسٹ کے دوران کھڑے رہے، کھلاڑیوں کو داد دےنے کے لئے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ یوتھ فیسٹیول میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے چہرے سے مسرت اور خوشی دیدنی تھی جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔ خوبصورت لباس میں ملبوس افراد نے روایتی رقص پیش کیا۔ ہاکی کے اولمپیئن کھلاڑیوں ریحان بٹ نے یوتھ فیسٹیول کی مشعل روشن کی۔ سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔