پرواز کی روانگی میں غیر معمولی تاخیر پر چیف جسٹس کی پی آئی اے انتظامیہ کو سخت سرزنش

لاہور (سٹاف رپورٹر) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے لاہور سے کراچی جانے والی پرواز کی روانگی میں غیر معمولی تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایئرپورٹ پر موجود پی آئی اے انتظامیہ کو طلب کر کے سخت سرزنش کی اور انہیں کارکردگی بہتر بنانے کے لئے وارننگ دی جبکہ پی آئی اے کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی کے لئے قومی ائیر لائن کی پرواز PK303 نے صبح گیارہ روانہ ہونا تھا، اس پرواز کے ذریعے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے بھی کراچی جانا تھا، پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار تھی۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لاﺅنج میں پہنچے تو انہیں پرواز کی تاخیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور پی آئی اے کے افسروں کو طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے پی آئی اے افسران کو مخاطب کر کے کہا کہ پی آئی اے کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہئے یہ قومی ادارہ ہے، قومی ادارے کو عوام کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرنا چاہئے جس کے نتیجے میں عوام بدظن ہوں۔ چیف جسٹس کی جانب سے پرواز کی تاخیر کا سخت نوٹس لینے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ حرکت میں آگئی اور اڑھائی بجے کے قریب پرواز کو کراچی کے لئے روانہ کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن