لاہور(سپورٹس رپورٹر) پرتھ میں کھیلا جانے والے نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میزبان آسٹریلیا ٹیم نے جیت لیا جبکہ پاکستان ٹیم ناقص کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر رہی۔ پرتھ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز پاکستان ٹیم کا تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے میچ ملائیشیا کے ساتھ کھیلا گیا جس میں ملائیشیا نے پاکستان ٹیم کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول محمد ارسلان قادر نے 29 ویں منٹ میں کیا جبکہ ملائیشیا کی جانب سے کھیل کے 17 ویں اور 26 ویں منٹ میں گول کیے گئے۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے اس ٹورنامنٹ کے پہلے دو میچوں میں عمران شاہ نے پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی تھی جس میں سے ایک میچ میں پاکستان ٹیم نے کامیابی جبکہ دوسرا میچ برابر کھیلا تھا۔ آخری دونوں میچوں میں عمران بٹ نے پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور دونوں میچوں میں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ایم عمران نے پرتھ سے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ آسٹریلیا جونیئر کھلاڑیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں انہیں جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کو میگا ٹورنامنٹ کی تیاری کا موقع فراہم کیا ہے تاکہ اچھے نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ جاپان میں منعقد ہونے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں نوجوان کھلاڑیوں میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں ایشیائی ٹیموں کے خلاف اچھا کھیل پیش کر سکیں۔
نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ آسٹریلیا نے جیت لیا‘ پاکستان کی آخری پوزیشن
نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ آسٹریلیا نے جیت لیا‘ پاکستان کی آخری پوزیشن
Oct 21, 2013