یوتھ پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول

کلچرل رپورٹر
ملک میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پاکستان کے ثقافتی مرکز لاہور میں واقع الحمرا کلچرل کمپلکس میں 13ویں یوتھ پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول کا اہتمام کیا جس میں ملک بھر سے تعلیمی اداروں اور نوجوان فن کاروں نے حصہ لیا۔ جن میں کنیئرڈ کالج فار ویمن، نیشنل کالج فار آرٹس، وی سٹی سکول ماڈل ٹاﺅن، سینٹ انتھونی ہائی سکول فیصل آباد، یو سی ایل بی این یو، یو سی پی، پنجاب یونیورسٹی، سلامت سکول سسٹم، جے ٹی گرلز تماشا تھیٹر، لوکو نیا پروڈکشنز، بیکن ہاﺅس سکول سسٹم، ایف سی کالج اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے فنکاروں نے حصہ لیا۔ یوتھ فیسٹیول میں ڈرامہ، میوزک ڈانس اورپپٹری کے شعبوں میں نوجوان فن کاروں نے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔
رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے روح رواں عثمان پیرزادہ نے یوتھ فیسٹیول کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس یوتھ پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کا فروغ اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے فراہم کرنا ہے۔ اس فیسٹیول میں سٹیج ڈرامے، میوزک، ڈانس اورپپٹری کے شعبوں میں نوجوان آرٹسٹوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ نوجوان آرٹسٹوں کی تیار کردہ شارٹس فلمیں بھی دکھائی گئی ہیں۔ جو لوگوں نے بہت پسند کی ہیں جس سے ان نوجوان آرٹسٹوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔( سعدان پیرزادہ نے کہا کہ رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ پاکستان کے روایتی کلچر کو پروموٹ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ فیسٹیول اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے) علینا پیرزادہ نے کہا کہ مستقبل میں سانجھ لاہور امرتسر فیسیٹول، آرٹ اینڈ کرافٹ، انٹرنیشنل مسٹک میوزک، صوفی فیسیٹول، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور نیشنل فوک پیپٹ فیسٹیول منعقد کئے جائیں گے جن میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے فنکار شرکت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن