راولپنڈی (ثناء نیوز) ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں نامزد ملزمان علی موسی گیلانی، مخدوم شہاب الدین بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور میڈیکل سرٹیفیکیٹ عدالت میں پیش کئے گئے۔ پیر کے روزراولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج اختر بہادر نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت کی، علی موسٰی گیلانی، مخدوم شہاب الدین، افتخار خان بابراورعبدالخالق عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ ملزموں کی جانب سے میڈیکل سرٹیفیکیٹ عدالت میں پیش کیا گیا۔مخدوم شہاب الدین کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ہائیکورٹ کا حکم امتناعی بھی پیش کیا گیا۔وکیل عبدالرشید نے کہا کہ ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت سے متعلق حکم امتناعی جاری کردیا ہے جبکہ ملزم افتخار بابر کی جانب سے کیس ملتان منتقل کرنے کی درخواست ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے بعد میں کیس کی سماعت ستائیس اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔